Punjab Minister for IT Dr. Arslan Khalid Visited FJMU

September 10, 2022
صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد نے پی آئی ٹی بی نمائندگان کے ہمراہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔
وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے صوبائی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد کا استقبال کیا اور ان کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم اور کیمپس منیجمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر QEC پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر نے ٹیلی میڈیسن اور اس حوالے سے کیے جانے والے گزشتہ تمام اقدامات بارے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن وقت کی اہم ضرورت ہے، اسکو ریسرچ، میڈیکل ایجوکیشن اور مریضوں کی خدمت میں استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ٹیلی میڈیسن کا مکمل ڈیپارٹمنٹ ہونا چاہیے، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کو اپنی خدمات سر انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے۔
صوبائی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد نے مزید کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں انڈر گریجویٹ طالبات کیلئے ای لوگ پورٹل کے اجراء کے سلسلے میں پی آئی ٹی بی کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ڈاکٹر ارسلان خالد نے پی آئی ٹی بی ڈی جی آئی ٹی آپریشنز فیصل یوسف اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ عبدالرحمن علوی پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو انڈرگریجویٹ طالبات کے تمام تر ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کی نگرانی کرے گی۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر شمسہ ہمایوں، رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم، ڈین بیسک سائنسز پروفیسر منزہ اقبال، ڈین انڈرگریجویٹ پروفیسر منیزہ قیوم، ڈین نرسنگ پروفیسر زہرہ خانم، ڈین پیڈیٹرکس پروفیسر نوید اکبر ہوتیانا اور ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر عزرا نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے صوبائی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور سووینر پیش کیے۔